i کاروبار

بزنس کمیونٹی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کے لئے پہلے سے بھی بڑھ کر جدوجہد کرے گی، ڈاکٹر خرم طارقتازترین

August 16, 2023

پاکستان ہم سب کی مشترکہ میراث ہے جب کہ بزنس کمیونٹی اس کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کے لئے پہلے سے بھی بڑھ کر جدوجہد کرے گی۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے پا کستان کے76ویں یوم آزادی کی تقریب کے سلسلے میں پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔صدر چیمبر نے پوری قوم کویوم آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ اسلام کے نام پر قائم اس وطن عزیز کو تا قیامت قائم و دائم رکھے۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کی طرف سے اس عہد کی تجدید کی کہ وہ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں گے۔ انہوں نے قوم سے بھی استدعا کی کے وہ نفرتیں اور کدورتیں ختم کرکے ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان ہے تو ہم بھی ہیں۔ پاکستان ہماری شناخت ہے اور اس کے ساتھ ہی ہمار ے دل دھڑکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو قدرتی آفات کے دوران بھی کلیدی کردار ادا کرنے کا اعزاز حاصل ہے ۔ اس سے قبل تلاوت اور نعت شریف کے بعد نیا قومی ترانہ بجایا گیا جس کے بعدپرچم کشائی کی تقریب ہوئی جبکہ صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کیک بھی کاٹا ۔ آخر میں میاں عبدالوحید نے تحریک اور دفاع پاکستان کے لئے جانیں قربان کرنے والوں کے لئے خصوصی دعا کرائی۔ اس موقع پر سابق صدر چوہدری محمد نواز، ایگزیکٹو ممبر مقصود اختر بٹ، شفیق حسین شاہ، حاجی عبدالرئوف، شیخ محمد شفیق رفیع، حاجی محمد سلیم ، سیٹھ محمد اکبر، رانا فیاض ، مرزا محمد افضل ، معظم طارق، شیخ دانیال، حاجی محمد ادریس سدھے شیخ اور دیگر تاجر راہنمائوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی