i کاروبار

اس سال کپاس کی بوائی سے قبل 8500 روپے فی من امدادی قیمت مقرراور12 منتخب شدہ اقسام کے بیج پر1 ہزار روپے فی بیگ سبسڈی بھی فراہم کی جارہی ہے، محکمہ زراعتتازترین

May 03, 2023

حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پر پنجاب میں کپاس کی بحالی کے ایکشن پلان 2023 پر عملدرآمد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے اور اس سال کپاس کی بوائی کا ہدف50لاکھ ایکڑ جبکہ پیداواری ہدف82 لاکھ26 ہزارگانٹھ مقرر کیا گیا ہے جس میں جنوبی پنجاب کاحصہ91 فیصد ہے نیز کپاس کی فصل کو منافع بخش بنانے کیلئے جہاں حکومت کی طرف سے بوائی سے قبل 8500 روپے فی من امدادی قیمت مقرر کی گئی ہے وہیں حکومت پنجاب کپاس کی12 منتخب شدہ اقسام کے بیج پر1 ہزار روپے فی بیگ سبسڈی فراہم کر رہی ہے جبکہ صوبہ بھر میں یوریا کھاد پر سبسڈی کیلئے 11 ارب روپے بھی فراہم کئے گئے ہیں۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ حکومتی ہدایت پر کاٹن سیزن کے دوران فیلڈ عملے کی زرعی سرگرمیوں کے علاوہ تمام ایکسٹرا ڈیوٹیاں ختم کر دی گئی ہیں تاکہ وہ کاشتکاروں کے شانہ بشانہ کپاس کی بوائی کے ہدف کو حاصل کر سکیں۔انہوں نے بتایا کہ کپاس کے سیزن کے دوران معیاری زرعی مداخل کی کاشتکاروں کو دستیابی یقینی بنائی جائے اور اس ضمن محکمہ زراعت توسیع و پیسٹ وارننگ کا عملہ جوابدہ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ نگران و زیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ زراعت نے کپاس کے رقبہ اور پیداوار میں نمایاں کارکردگی کے حامل کاشتکاروں اور زرعی ماہرین کی خدمات کے اعتراف میں کیش پرائز دینے کیلئے طریقہ کار وضع کر لیا ہے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔انہوں نے بتایا کہ ہر ضلع میں کھاد، بیج اور زرعی ادویات کے ڈیلرزسے متعلق معلومات کا ریکارڈ تیار کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے کپاس کی بحالی کے ہدف کے حصول پر تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ جدو جہدسے ہی کپاس کی بحالی ممکن ہو گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی