i کاروبار

پاکستان بھر میں موبائل فون کے صارفین کی تعداد 19 کروڑ ہوگئیتازترین

June 20, 2022

پاکستان بھر میں موبائل فون کے صارفین کی تعداد 19 کروڑ سے بھی بڑھ گئی جب کہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد ساڑھے 11 کروڑ کے لگ بھگ ہے۔ یہ تازہ ترین اعدادوشمار وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کی زیر صدارت ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ فنڈ اور پالیسی کمیٹی کے ہونے والے اجلاس میں سامنے آئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں ٹیلی کام صارفین کی تعداد 19 کروڑ 30 لاکھ کی ریکارڈ سطح تک پہنچ چکی ہے جبکہ تھری جی اور فورجی صارفین کی تعداد 11 کروڑ 40 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ براڈ بینڈ سروسز استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 11 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ اجلاس میں مالی سال 2022-23 کیلئے یونیورسل سروس فنڈ کا 32 ارب 13 کروڑ روپے کا بجٹ منظور کیا گیا۔
اگنائٹ کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی مد میں تین ارب 75 کروڑ روپے کے بجٹ کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ آئی ٹی ایکسپورٹ و فری لانسرز کی تعداد و برآمدی ترسیلات میں اضافے میں رکاوٹ ایف بی آر پالیسیاں ہیں،اگر آئی ٹی کمپنیوں اور فری لانسرز کو ٹیکس مراعات سمیت دیگر سہولیات نہ دی گئیں تو یہ صنعت بند ہوجائے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان میں موبائل فون استعمال کرنے والوں کی تعداد 18 کروڑ 32لاکھ جبکہ تھری جی اور فور جی صارفین کی تعداد9 کروڑ 81 لاکھ 20 ہزار (98.12ملین ) تھی۔

کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان