i پاکستان

زرعی ترقی شامی حکومت کی اولین ترجیح،شام کے ڈپٹی منسٹر تعلیمتازترین

May 06, 2024

شام کی جامعات اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے مابین روابط کو فروغ دے کر زراعت میں ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو تے ہوئے پیداوار میں اضافے کے لئے مشترکہ کاوشیں عمل میں لائی جائیں گی ۔ ان خیالات کا اظہار شام کی وزارت ِاعلیٰ تعلیم اور سائنسی تحقیق کے وفد نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دورے کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کے ساتھ ملاقات میں کیا۔ شام کے وفد کی قیادت ڈپٹی منسٹر برائے تعلیم ڈاکٹر رامے وحید نے کی جبکہ وزارت برائے اعلیٰ تعلیم کی انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈائریکٹر ڈاکٹر منال سلیمان ، ڈائریکٹر سائنٹفک ریسرچ ڈاکٹر یاسر سعید، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کو اپریشن ڈاکٹر عادل محفوظ ، ڈائریکٹر آئی ٹی وزارت تعلیم ڈاکٹر نجیب سہیل،ایجوکیشن ڈائریکٹر ڈاکٹر راغب علی الجیدی، کونسلر ڈی ایچ ایم پاکستان ایمبیسی عمر حیات خان، ڈپٹی سیکرٹری منسٹری آف فیڈرل ایجوکیشن اسلام آباد ڈاکٹر ذوالفقار و دیگر بھی موجود تھے۔ جبکہ یونیورسٹی سے ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر جعفر جسکانی، پرنسپل آفیسر تعلقات عامہ و مطبوعات ڈاکٹر محمد جلال عارف،ڈین انجنئیرنگ ڈاکٹر انجم منیر، ڈین سائنسز ڈاکٹر اعجازاحمد بھٹی،ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر بابر شہباز،ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز ڈاکٹر کاشف سلیمی،ڈین کلیہ ویٹرنری سائنسزڈاکٹر محمد شاہد محمود، ڈاکٹر محمد شریف، ڈائریکٹر فارن سٹوڈنٹس آفیئرزڈاکٹر زین العابدین، ڈی جی فوڈ سائنسزڈاکٹر عمران پاشا و دیگر بھی موجود تھے۔

ڈپٹی منسٹر برائے تعلیم ڈاکٹر رامے وحید نے کہا کہ زرعی ترقی شام کی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے دونوں ملکوں جامعات اور تحقیقی اداروں کے تعلقات کو مضبوط کرنے کے لئے کاوشیں عمل میں لائی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کو بین الاقوامی سطح پر عزت و تکریم کی نظر سے دیکھا جاتا ہے ، اور اس جامعہ اور شام کی یونیورسٹیز کے مابین نہ صرف تحقیقی بلکہ تبادلہ طلبہ و فیکلٹی پروگرام کا بھی اجرا کی جائے۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کوچار موسموں سے نوازا ہے۔ جس میں ہر موسم بعض اجناس و پھلوں کے لئے موزوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑی اجناس میں گندم، گنا، چاول اور مکئی شامل ہیں جس میں پاکستان خود کفیل ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں 15 سے زائد ممالک سے تعلق رکھے والے طالب علم زیر تعلیم ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ شام کے ساتھ تعلیمی ، تدریسی و تحقیق روابط کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی