وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو طبی معائنے کیلئے اسلام آباد کے پمز اسپتال لے جانے کی تصدیق کردی۔ سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ گزشتہ ہفتے آنکھوں کے طبی ماہرین نے اڈیالہ میں عمران خان کا معائنہ کیا، ماہرین کی سفارش پر انہیں پمز لے جایا گیا جہاں ان کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا اور یہ کارروائی 20 منٹ تک تھی۔انہوں نے بتایا کہ معمول کی طبی کارروائی کے بعد عمران خان کو ضروری ہدایات کے ساتھ پھر اڈیالہ منتقل کردیا گیا۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ دوران طبی کارروائی وہ بالکل مستحکم تھے اور عمران خان بالکل صحت مند ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام قیدیوں کو ڈاکٹر تک رسائی دی جاتی ہے اور یہ رولز کے مطابق ہیں لہذا عمران خان بالکل صحت مند ہیں۔واضح رہے کہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر عمران خان کو پمز اسپتال لے جانے کی خبریں زیر گردش تھیں جس پر حکومت کی طرف سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی