i پاکستان

سندھ میں کیلے کا زیر کاشت رقبہ 32236ہیکٹرز تک پہنچ گیا، ماہرین اثمارتازترین

July 10, 2024

جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین اثمارنے کہا ہے کہ سندھ میں کیلے کا زیر کاشت رقبہ 32236ہیکٹرز اور پنجاب میں 1389 ہیکٹرز رقبے تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نیکہا کہ اس وقت پاکستان میں کیلے کا زیر کاشت کل رقبہ34830 ہیکٹرز ہے جہاں سے ایک لاکھ 55ہزار ٹن پیداوار حاصل کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ سندھ میں کیلے کی پیداوار ایک لاکھ 27ہزار 500ٹن اور پنجاب میں 9373 ٹن ہے۔انہوں نے بتایاکہ کاشتکار نئے پودے لگانے سے قبل زمین میں 4سے6 مرتبہ ہل چلا کر اسے اچھی طر ح تیار کرلیں اور کیلے کاپودا زمین میں لگانے سے لے کر پھل دینے تک اس کا خاص خیال بھی رکھیں کیونکہ پودے کو آبپاشی کے لئے کافی پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ چونکہ کیلے کے پودے کے پتے بہت لمبے اور چوڑے ہوتے ہیں اس لئے پانی ان کی سطح سے بخارات بن کر اڑتارہتاہے لہٰذا کیلے کے پودے کو گرمیوں میں 3سے7 دن اور سردیوں میں 12 سے15دن کے وقفہ سے پانی دیتے رہناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کیلے کاپودا ڈیڑھ سال میں پھل دینے کے قابل ہوجاتاہے اس لئے باغبان و کاشتکار مزید رہنمائی یا مشاورت کے لئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی