کراچی میں ڈاکو ایک پیٹرول پمپ سے لاکھوں روپے روٹ کر فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ کراچی کے علاقے کورنگی سنگرچورنگی کے قریب پیش آیا جہاں ڈاکوئو ں نے پیٹرول پمپ پر ڈکیتی کی واردات کی۔پولیس نے بتایا کہ ڈاکوپیٹرول پمپ سے 33 لاکھ روپے چھین کرفرار ہوگئے، واردات کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق کیشیئر بینک میں رقم جمع کروانے کے لیے نکلا تھا جس کے ساتھ سکیورٹی گارڈ موجود نہیں تھا۔ دوسری جانب کراچی میں پولیس کے مختلف علاقوں میں مبینہ مقابلوں کے دوران 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ایک ملزم فرار ہو گیا۔گلبرگ پولیس کے مطابق فیڈرل بی ایریا بلاک 4 طارق گرانڈ کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جسے چھیپا حکام کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
زخمی ملزم کی شناخت اسامہ کے نام سے ہوئی جبکہ دوسرا ملزم پرویز ولد نامعلوم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک پستول، موبائل فون، موٹرسائیکل اور نقد رقم برآمد کر لی۔دوسری جانب عزیز بھٹی پولیس نے گلشن اقبال بلاک 10 ڈالمیا سیمنٹ فیکٹری کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران دو ڈاکوں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔زخمی ملزمان کو چھیپا کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جن کی شناخت نثار اور سجاد کے ناموں سے کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو پستولیں، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی