محکمہ تعلیم سندھ نے اسکولوں میں رہائش اختیار کرنے اور اسکولوں کے اندر کمرشل سرگرمیاں کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے ایسے کسی بھی استعمال پر پابندی عائد کردی ۔ محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ اسکول کے رہائشی یا کمرشل استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، اسکول کی عمارتیں صرف تعلیمی مقاصد کیلئے استعمال ہوں گی، اسکولوں میں دکانیں یا رہائش بنانا قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔محکمہ تعلیم سندھ نے تمام نجی اسکولوں کی انسپکشن کا فیصلہ کر لیا ہے، اسکولوں کو اسٹرکچرل فٹنس سرٹیفکیٹ جمع کروانا ہوگا، خستہ حال یا غیر محفوظ عمارتوں میں قائم اسکول خالی کرانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔محکمہ تعلیم نے کہا کہ اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر اسکول کی رجسٹریشن معطل یا منسوخ کر دی جائے گی، اور غیر تعلیمی سرگرمی پائے جانے پر اسکول سیل کیے جا سکتے ہیں۔محکمہ تعلیم نے خبردار کیا ہے کہ اسکولوں کے اندر کسی بھی حادثے کی صورت میں مکمل ذمہ داری اسکول انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی