i پاکستان

سندھ ہائیکورٹ، رہائشی عمارتوں کا کمرشل استعمال، جماعت اسلامی، پاسبان کی درخواستوں پر نوٹس جاریتازترین

April 10, 2025

سندھ ہائیکورٹ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی(ایس بی سی اے) کی جانب سے کراچی بلڈنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ریگولیشن میں ترمیم سے متعلق جماعت اسلامی اور پاسبان کی درخواستیں پہلے سے زیر سماعت درخواست کے ساتھ یکجا کرکے فریقین کو 22 اپریل کے لیے نوٹس جاری کر دئیے۔ سندھ ہائیکورٹ میں کراچی بلڈنگ اینڈ ٹاون پلاننگ ریگولیشن میں ترمیم سے متعلق جماعت اسلامی اور پاسبان کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔جماعت اسلامی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ رہائشی پلاٹ کو کمرشل سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا، رہائشی پلاٹ کو کمرشل میں تبدیل کرنے کا باضابطہ طریقہ کار موجود ہے۔وکیل نے کہا کہ ماسٹر پلان اور کے ڈی اے سمیت دیگر اداروں سے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) اور شرائط پوری کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ترمیم کے بعد کسی بھی رہائشی پلاٹ کے کمرشل استعمال کے لیے صرف ایس بی سی اے کا این او سی درکار ہوگا، زمین کی استعمال میں تبدیلی کا پورا طریقہ کار بائی پاس کردیا گیا ہے۔سندھ ہائیکورٹ نے وکیل کا موقف سن کر جماعت اسلامی اور پاسبان کی درخواستیں پہلے سے زیر سماعت درخواست کے ساتھ یکجا کرکے فریقین کو 22 اپریل کے لیے نوٹس جاری کر دئیے، مزید سماعت اب 22 اپریل کو کی جائے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی