پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ کے بچوں پر مظالم کے خلاف اسرائیل کا احتساب کیا جائے۔یہ بات پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے غزہ کے بچوں کی حالت زار پر اجلاس سے خطاب میں کہی ۔انہوں نے کہا اسرائیل کا احتساب بین الاقوامی قانون کی بالادستی کیلئے ضروری ہے۔پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ غزہ کے بچوں پر ظلم انسانیت کیلئے سیاہ دھبے کے طور پر نمایاں ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے غزہ پر پندرہ ماہ تک بلااشتعال حملے کسی طور جائز نہیں تھے، ان حملوں میں چھیالیس ہزار افراد شہید ہوچکے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔پاکستانی مستقل مندوب نے بتایا کہ فلسطینی عوام کو واپس اپنے گھروں کو جانے کیلئے کہا جا رہا ہے جبکہ غزہ میں کوئی گھر نہیں، سب کچھ تباہ ہوچکا، وہ کہاں جائیں گے؟۔منیر اکرم نے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل مغربی کنارے میں ہونیوالی صورتحال پر فوری توجہ دے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی