پی ٹی آئی کو سندھ میں دھچکا،پارٹی رہنما بلال منصور نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کر دیا۔تفصیل کے مطابق پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور سے پاکستان تحریک انصاف کراچی کے رہنما بلال منصور نے ملاقات کی۔ جس میں سندھ کے سینئر وزیر سعید غنی، صوبائی وزیر سہیل انور سیال اور کراچی کے ڈپٹی میئر سلمان مراد بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران سیاسی امور، موجودہ حالات اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اس ملاقات کے دوران بلال منصور نے باضابطہ طور پر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی، جس کا اعلان موقع پر ہی کیا گیا۔ فریال تالپور نے بلال منصور کو پارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ ان کی شمولیت سے پارٹی کو کراچی اور سندھ میں مزید تقویت ملے گی۔ پیپلز پارٹی قیادت کا کہنا تھا کہ نوجوان اور متحرک سیاسی رہنمائوں کی شمولیت پارٹی کے پیغام کو عوام تک موثر انداز میں پہنچانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی