i پاکستان

سینیٹر اسحاق ڈار کی ذاتی کاوش سے بشکیک میں انتہائی زخمی پاکستانی طالبعلم کی غیرمعمولی طور پر وطن واپسی ممکن بنائے جانے کا انکشافتازترین

May 23, 2024

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی ذاتی کاوش سے بشکیک میں غیرملکیوں پرکیے گئے حملوں سے انتہائی زخمی پاکستانی طالبعلم کی غیرمعمولی طور پر وطن واپسی ممکن بنا ئی گئی ۔ نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق سینیٹر اسحاق ڈار شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلیے قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں تھے جہاں سے ان کی کرغز وزیرخارجہ کلوبایف ژین بیک مولدوکانووچ سے ملاقات ہوئی تھی۔ اسحاق ڈار کرغز وزیرخارجہ کے ساتھ ہی آستانہ سے مختصر دورے پر کرغزستان کے دارلحکومت بشکیک گئے جہاں انہوں نے حکام سے ملاقات کرکے پاکستانی طلبہ اور دیگر افراد سے متعلق معلومات حاصل کیں۔وطن واپسی پر نجی ٹی وی سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے بتایا کہ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستانیوں کی جان ومال کی حفاظت یقینی بنائی جائیگی اور حملہ کرنیوالوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔سینیٹر اسحاق ڈار نے بتایا کہ حملوں میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی افواہیں بے بنیاد ہیں، تین پاکستانی زخمی ہوئے تھے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک تھی۔وزیرخارجہ نے بتایا کہ اس زخمی طالبعلم کا اصرار تھا کہ اسے ہر صورت واپس وطن پہنچایا جائے تاہم اسکے سفری دستاویزات فوری طور پر دستیاب نہیں تھے۔ اس کا حل امیگریشن کے لیے خصوصی انتظامات ممکن بناکر نکالا گیا۔وزیرخارجہ نے بتایا کہ وہ زخمی طالبعلم کی خواہش پر اسے اپنے ساتھ ہی طیارے میں اسلام آباد لے آئے ہیں تاکہ یہاں بہترعلاج ومعالجہ ہو اور طالبعلم کے عزیزو اقارب کی پریشانی بھی دور ہو۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت اپنے اقدامات سے ثابت کررہی ہے کہ خدمت کسے کہتے ہیں،وہ اپنے کاموں کی اپوزیشن یا لوگوں سے ستائش نہیں چاہتے،عوام کی خدمت کرنا حکومت کا فرض ہے،صلہ صرف اللہ سے چاہیے۔وزیرخارجہ نے بشکیک میں پھنسے کراچی کے طلبہ وطالبات اور دیگر افراد کی وطن واپسی بھی ممکن بنا لی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی