سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے تکواڑہ میں آپریشن کرتے ہوئے سرغنہ سمیت9 خوارج کو جہنم واصل کردیا ،جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر 6 اور 7 اپریل کی درمیانی شب آپریشن کیا گیا، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 9 خوارج ہلاک ہوگئے۔ آپریشن کے دوران ہائی ویلیو ٹارگٹ خوارجی رنگ لیڈر شیریں بھی جہنم واصل ہوگیا، ہلاک خوارجیوں سے ہتھیار اور گولیاں برآمد کی گئیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خوارجی رنگ لیڈرشیریں قانون نافذ کرنے والے اداروں کوانتہائی مطلوب تھا، خوارجی رنگ لیڈر بہت سی دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث تھا، خوارج کئی معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا، خوارجی رنگ لیڈر 20 مارچ کو کیپٹن حسنین اختر کی شہادت کا بھی ذمہ دار تھا۔
آپریشن نے اس سنگین جرم کا بدلہ لے لیا ہے اور گھنائونے جرم کے مرتکب مرکزی مجرم کو قرار واقعی سزا دی گئی ہے۔ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی بچے ہوئے خارجی کو انجام تک پہنچایا جا سکے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشن کے نتیجے میں 9 خوارجی دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے ایک بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی پوری قوم معترف ہے۔ قیام امن کے لیے پوری قوم سیکیورٹی فورسزکے ساتھ کھڑی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی