فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی )نے سی ایس ایس(سنٹرل سپیریئر سروسز 2024 )کے تحریری امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ اس سال کے نتائج کے مطابق، 23 ہزار 100 امیدواروں نے امتحان کے لیے درخواست دی، جن میں سے 15 ہزار 602 نے امتحان میں شرکت کی، تاہم صرف 395 امیدوار کامیابی حاصل کر سکے۔ اس طرح کامیابی کی شرح محض 2.53 فیصد رہی۔تحریری امتحان میں کامیاب ہونے والے امیدواروں میں 238 مرد اور 157 خواتین شامل ہیں۔ گزشتہ برس 2023 میں کامیابی کی شرح 3 فیصد تھی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس سال یہ شرح مزید کم ہو گئی ہے۔سی ایس ایس کا امتحان پاکستان کے سب سے اہم اور مقابلہ جاتی امتحانات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، جس کے ذریعے مختلف سرکاری سروس گروپس جیسے کہ پولیس سروس، فارن سروس، ایڈمنسٹریٹو سروس، اور کسٹمز وغیرہ کے لیے افسران کا انتخاب کیا جاتا ہے۔تحریری امتحان میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو اب اگلے مرحلے کا سامنا ہوگا، جس میں انٹرویو، نفسیاتی جائزہ، اور دیگر جانچ پڑتال شامل ہے۔ کامیاب امیدواروں کی فہرست FPSC کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ امتحان میں کامیابی کی کم شرح سے ظاہر ہوتا ہے کہ معیار بہت بلند ہے اور امیدواروں کو تیاری کے لیے مزید محنت کی ضرورت ہے۔ سی ایس ایس کے نتائج ہمیشہ ہی نوجوانوں، تعلیمی ماہرین اور سرکاری حلقوں میں خاص توجہ کا مرکز رہتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی