i پاکستان

شکر گزار ہوں میرے کہنے پر گورنر سندھ نے وزیر اعظم کو خط لکھ دیا لیکن صرف خط لکھنے سے کام نہیں چلے گا،مرتضی وہابتازترین

April 08, 2025

میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ میرے کہنے پر گورنر سندھ نے بالآخر وزیر اعظم کو خط لکھ دیا ہے لیکن میں نے ہر پریس کانفرنس میں کہا کہ صرف خط لکھنے سے کام نہیں چلے گا۔سندھ ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کو 100 ارب روپے کی گرانٹ کیلئے خط لکھنے پر ردعمل د یتے ہوئے مرتضی وہاب نے کہا کہ شکر گزار ہوں کامران ٹیسوری نے خط لکھا ہے مگر یہ ابھی آدھا کام ہوا ہے، جب تک کے ایم سی کے اکائونٹ میں پیسے منتقل نہیں ہوتے کام مکمل نہیں ہوگا۔ مرتضی وہاب نے کہا کہ گورنر سندھ میرے بھائی ہیں اور میرا ان سے ذاتی رشتہ ہے، آئینی و قانونی اعتبار سے گورنر کا جو اختیار ہے وہ گورنر کرے اور حکومت کا جو ہے وہ حکومت کرے۔

کامران ٹیسوری کہتے ہیں کہ وہ وفاق کے نمائندے ہیں اور وفاق سے تمام اختیار لے کر دے سکتے ہیں۔ ان کے کہنے پر ہی ان سے بات کی تھی میری بات کو ناراضگی نہ سمجھا جائے۔صحافی نے سوال کیا کہ گورنر سندھ تو خود ٹریفک و دیگر اختیارات مانگ رہے ہیں۔ اس پر میئر کراچی نے جواب دیا کہ پھر ان کو اختیار دینے کی بات ہی نہیں کرنی چاہیے تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز گورنر سندھ نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھا تھا جس میں انہوں نے شہر قائد کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 100 ارب اروپے کی گرانٹ کا مطالبہ کیا تھا۔انہوں نے مئیر کراچی مرتضی وہاب کی جانب سے منصوبوں کی فہرست بھی وزیر اعظم کو ارسال کی تھی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی