i پاکستان

شہباز شریف اور سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز کیخلاف اپیل مستردتازترین

January 24, 2023

سپریم کورٹ نے شہباز شریف اور سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز کیخلاف اپیل مسترد کردی،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہشہباز شریف ، سعد رفیق کو آپ فریق کیسے بنا سکتے ہیں، پارلیمنٹ کے معاملات میں ہم کیسے مداخلت کر سکتے ہیں۔جسٹس اعجاز الااحسن کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پروڈکشن آرڈرز اجرا کیخلاف اپیل کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے کہا کہ شہباز شریف دوران نیب حراست پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چئیرمین بنے، پارلیمنٹ ایسے رولز نہیں بنا سکتی جو کسی دوسرے قانون کے منافی ہو، جن کیخلاف تحقیقات ہو رہی ہوتی ہیں وہ پروڈکشن آرڈر پر باہر آتے ہیں، مگر نیب زدہ افراد پروڈکشن آرڈر پر پارلیمنٹ میں آکر اپنے خلاف تحقیقات پر تقریر کرتے ہیں۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آپ کا حق دعوی نہیں بنتا، شہباز شریف ، سعد رفیق کو آپ فریق کیسے بنا سکتے ہیں، پارلیمنٹ کے معاملات میں ہم کیسے مداخلت کر سکتے ہیں۔ عدالت نے اپیل نا قابل سماعت قرار دیکر خارج کردی۔ واضح رہے کہ پچھلی حکومت میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف آشیانہ ہاسنگ کیس میں جبکہ خواجہ سعد رفیق پیراگون ہاسنگ سوسائٹی کیس میں نیب کی حراست میں تھے جن کے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لئے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے گئے تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی