i پاکستان

کراچی میں جاپان کے شہنشاہ کی 66ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب، پاک جاپان دوستی کا اظہارتازترین

February 04, 2026

کراچی میں جاپان کے شہنشاہ ناروہیتو کی 66ویں سالگرہ کے موقع پر قومی دن کی استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جس کی میزبانی جاپانی قونصل جنرل کراچی ہاتوری ماسارو نے کی۔یہ تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ تھے، جبکہ سفارتی، سرکاری، کاروباری اور سماجی حلقوں کی نمائندہ شخصیات بھی بڑی تعداد میں موجود تھیں۔استقبالی خطاب میں جاپانی قونصل جنرل ہاتوری ماسارو نے کراچی میں اپنی تیسری قومی دن کی تقریب کی میزبانی پر خوشی کا اظہار کیا۔انہوں نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ، دوستانہ اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے روابط وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو آئندہ بھی مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر باہمی ترقی اور خوشحالی کے لیے تعاون جاری رکھا جائے گا۔قونصل جنرل نے اس موقع پر پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں جاپان کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت عامہ اور آفات سے بچا کے شعبوں میں جاپانی تعاون نمایاں رہا ہے اور جاپان مستقبل میں بھی ان شعبوں میں پاکستان کی مدد جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں جاپانی حکومت اور عوام کو شہنشاہ ناروہیتو کی سالگرہ اور قومی دن پر دلی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے پاکستان کی ترقی میں جاپان کی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جاپان نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پائیدار ترقی، بنیادی ڈھانچے، تعلیم اور دیگر شعبوں میں جاپانی تعاون قابل قدر ہے اور سندھ حکومت جاپان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتی ہے۔تقریب کے دوران جاپانی ثقافت کی جھلک بھی پیش کی گئی۔ایکیبانہ اور بونسائی کی نمائش نے مہمانوں کو جاپان کی روایتی جمالیات سے روشناس کرایا، جسے شرکا نے بے حد سراہا۔ تقریب کا اختتام روایتی کیک کاٹنے کی تقریب اور جاپانی و پاکستانی پکوانوں پر مشتمل عشائیے کے ساتھ ہوا، جو دونوں ممالک کے درمیان دوستی، ثقافتی ہم آہنگی اور باہمی احترام کی علامت بنا۔تقریب میں مجموعی طور پر پاک جاپان تعلقات، دوطرفہ تعاون اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا، جسے شرکا نے خوش آئند قرار دیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی