اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید کے خلاف صحافی کو دھمکانے اور جھگڑا کرنے کے مقدمے کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی کردی۔ پیر کو فیصل جاوید کے خلاف کیس کی سماعت سول جج قدرت اللہ نے کی، فیصل جاوید کے وکیل سردارمصروف عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے مکل کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی۔ عدالت نے فیصل جاوید کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا اس مقدمے میں صرف ایک ملزم ہے؟ اس پر وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جی بس ایک بندے کے خلاف مقدمہ درج ہے۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی کردی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی