i پاکستان

سعودی عرب کی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ بے پناہ لگاو رکھتے ہیں، سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامیتازترین

April 15, 2024

رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ بے پناہ لگاو رکھتے ہیں۔ اور پاکستان کو ہم اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کی رہائش گاہ پر پاکستان کے معروف اسکالر اور تحریک دفاع حرمین شریفین کے رہنما پروفیسر سجاد قمر سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر پروفیسر سجاد قمر نے معزز مہمان کو اپنی زیرطبع کتاب" ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی۔ دور حاضر میں علمبردار امن" کا سرورق بھی پیش کیا۔ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے پروفیسر سجاد قمر کی علمی خدمات کو سراہا اور کہا کہ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ وسیع بنیاد پر مکالمے کو فروغ دینا چاہیے۔ اسلامو فوبیا کی اہم ترین وجہ مذہب کے بارے میں موجود بے بنیاد ابہام ہیں۔ اور ان کو دور کرنا بہت ضروری ہے۔ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل امت کا سرمایہ ہے۔ اور جامعات کا بہت اہم کردار ہے۔

جامعات کو چاہیے کہ وہ نوجوانوں کی بہترین تربیت کریں اور ان کو دنیاکے لیے کار آمد بنا ہیں۔ ہم پوری دنیا کو اسلام کی حقانیت واضح کرنا چاہتے ہیں۔ اور اس سلسلے میں پاکستان کے علما اور اہل قلم کا اہم کردار ہے۔ پروفیسر سجاد قمر نے پاکستان کا دورہ کرنے پر ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کا شکریہ ادا کیا اور دورہ کو کامیاب بنانے کے لیے پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ نواف پاکستان میں سعودی عرب جبکہ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر ہیں۔ انھوں نے رابطہ ریجنل ڈائریکٹر شیخ سعد بن مسعود الحارثی کو جناح کنونشن ہال میںبہترین مقابلہ قرآن کریم کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔اور کہا کہ پاکستان میں رابطہ عالم اسلامی کا دفتر بہترین کام کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں سیرت میوزیم کا قیام رابطہ عالم اسلامی کا بہت اہم کارنامہ ہے اور اس کے زریعے عوام الناس کو سیرت کے بارے میں زیادہ بہتر جاننے کا موقع ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ فیصل مسجد سے سیرت میوزیم تک سعودی عرب کی پاکستان سے محبت کا نشان جا بجا موجود ہیں۔ پروفیسر سجاد قمر نے کہا کہ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کی اعتدال اور میانہ روی کے لیے قابل قدر خدمات ہیں۔ اور وہ پوری دنیا کے مذہبی رہنماں اور حکومتوں کے درمیان رابطے تیز کرنے کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی