i پاکستان

ریلوے پولیس اہلکار کی حاضر دماغی نے مسافر کی جان بچالیتازترین

July 03, 2024

ریلوے پولیس اہلکار کی حاضر دماغی نے مسافر کی جان بچالی، مسافر نے اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستان ریلوے اور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ کراچی سے لاہور جانے والی پاک بزنس ایکسپریس ٹرین نے لانڈھی ریلوے اسٹیشن پر غیر متوقع اسٹاپ کیا، کیوں کہ اس ریل گاڑی کا لانڈھی میں اسٹاپ نہیں ہوتا۔ پاک بزنس ایکسپریس کے لانڈھی اسٹیشن پر اسٹاپ کرنے پر سہیل نامی مسافر ریل گاڑی سے اتر کر اسٹال سے پانی لینے گیا، لیکن وہ ابھی اسٹال پر پہنچا ہی تھا کہ ٹرین چل پڑی۔ مسافر نے بھاگ کر چلتی ٹرین پر سوار ہونے کی کوشش کی لیکن اس دوران اس کا ہاتھ چھوٹ گیا، اور وہ نیچے گرگیا، سہیل ٹرین کے درمیان میں پھنسنے ہی والا تھا کہ ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار اس کی مدد کے لیے بھاگا۔ ڈیوٹی پر موجود ریلوے پولیس کے کانسٹیبل مجاہد بٹ نے فورا سے حکمت عملی کے تحت مسافر کو ٹرین کے نیچے گرنے سے روکا اور اس کو کھینچ کر اوپر کرلیا، اس دوران مسافر کے کپڑے بھی پھٹ گئے اور اس کی چپل ٹرین کے نیچے رہ گئی۔ تاہم پولیس اہلکار مسافر کی جان بچانے میں کامیاب ہوگیا، اس دوران ٹرین بھی روک دی گئی اور مسافر سہیل کو خیریت سے دوبارہ ٹرین میں سوار کر دیا گیا۔ بعد ازاں، مسافر نے ٹرین سے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں پاکستان ریلوے اور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی