فیصل آباد میں رحمان بابا ایکسپریس اور ڈمپر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں انجن مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور سے کراچی جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کو حادثہ گوجرہ پھاٹک کے قریب پیش آیا جہاں مسافروں سے بھری ٹرین گزرنے والے ڈمپر سے ٹکرا گئی، ٹکرا اس قدر شدید تھا کہ اس کی گونج دور تک سنائی دی، ٹرین کے انجن کو شدید نقصان پہنچا۔ حادثے میں ٹرین کے ڈرائیورز زخمی ہوئے جبکہ متعدد مسافروں کے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے، حادثے کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر انجن کو کاٹا اور زخمی ہونے والے ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور کو ٹرین سے نکال کر طبی امداد دی۔ ترجمان ریلوے نے بتایا کہ حادثے کے بعد لاہور سے ریلیف ٹرین روانہ کر دی، ٹرینوں کی آمدو رفت کچھ دیر میں بحال کر دی جائے گی، حادثے کی تحقیقات کیلئے گریڈ 20 کے 3 افسران پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی جو 24 گھنٹے میں ابتدائی رپورٹ پیش کرے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی