راولپنڈی میں منشیات اسمگلنگ و منشیات فروشی میں پولیس اہلکار بھی ملوث نکلنے لگے، گوجرخان پولیس نے ایلیٹ فورس کے ہیڈ کانسٹیبل کو گرفتار کرکے 1 کلو 800 گرام چرس برآمد کرلی۔ پولیس رپورٹ میں ہوش روبا انکشافات کیے گئے ہیں کہ ایلیٹ فورس ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل تقدیس السلام دو سال سے منشیات کا مکروہ دھندے میں ملوث تھا۔ تھانہ گوجرخان میں ملزم کے خلاف مقدمہ پولیس مدعیت میں سب انسپکٹر نوید اسلم کے بیان پر درج کیا گیا جس میں نوید اسلم کا کہنا تھا کہ گشت پر مامور تھے کہ موٹر سائیکل سوار تقدیس الاسلام کو چیک کیا تو ایک کلو 800 گرام چرس برآمد ہوئی جس پر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ ادھر سینیئر پولیس افسران کو ارسال کی گئی پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزم تقدیس السلام ایلیٹ فورس میں ہیڈ کانسٹیبل ہے اور ایلیٹ ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں تعینات ہے۔ ملزم مبینہ طور پر دو سال سے منشیات اسمگلنگ و منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث ہے جس کے متعلق انکشاف پر اس سے باقائدہ مخبر کے ذریعے منشیات کی خریداری بھی کرائی گئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی