i پاکستان

راولپنڈی پولیس کی 2 کارروائیاں،ہنی ٹریپ میں ملوث 2 گینگز گرفتار، پاکستانی نژاد افریقی خاتون اور 5 پولیس اہلکار بھی شاملتازترین

April 23, 2025

راولپنڈی پولیس نے سوشل میڈیا کے ذریعے ہنی ٹریپ کر کے شہریوں کو لوٹنے والے دو گروہوں کو گرفتار کرلیا۔ پاکستانی نژاد مشرقی افریقہ کے ملک ملاوی کی نیشنل خاتون اور ملزمان کی پشت پناہی کرنے والے 5 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی کاشف ذوالفقار نے ایس پی راول کے ہمراہ پولیس لائنز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ہنی ٹریپ گروہ صدر بیرونی اور صادق آباد پولیس نے گرفتار کئے ہیں۔ گینگز ارکان سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ٹریپ کر کے لوٹتے تھے۔ تھانہ صدر بیرونی پولیس نے پاکستانی نژاد مشرقی افریقن خاتون سمیت چھ افراد کو گرفتار کیا۔ اس گینگ کی لیڈی سرغنہ مرینہ خان پاکستانی نژاد افریقین ہے جبکہ گروہ میں اس کا شوہر بلال اور دیگر ارکان فاروق، طیب، کامران اور عبدالجبار شامل ہیں۔

گینگ سے ڈھائی لاکھ روپے اور اسلحہ برآمد ہوا۔تفتیشی حکام کے مطابق مرینہ خان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شہریوں سے رابطہ کر کے انہیں ملاقات کیلئے بلاتی تھی۔ ہنی ٹریپ گینگ ممبران اسلحہ کی نوک پر اس شخص سے رقم اور قیمتی اشیا چھین لیتے تھے۔اسی طرح تھانہ صادق آباد پولیس نے بھی ہنی ٹریپ میں ملوث 10 رکنی آفتاب عرف تابی گینگ کو گرفتار کیا ہے۔ گینگ سے پانچ لاکھ روپے اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ گینگ کے سرغنہ آفتاب عرف تابی نے خواتین اور پولیس اہلکاروں کیساتھ مل کر یہ گینگ بنا رکھا تھا۔گرفتار ملزمان میں آفتاب، حمزہ، شان۔ ہاجرہ، عظمی، مبشر، رضا عباس، فضل عباس، نعمان اور افضال شامل ہیں۔ ہاجرہ مخصوص سوشل میڈیا ایپ کے ذریعے شہریوں کو ٹریپ کرتی اور ملنے کے بہانے بلا کر ان کی نازیبا ویڈیوزاور تصاویر بنا کر بلیک میل کرتی تھی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی