پنجاب، شمالی بلوچستان، اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ تیز بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا ،چارسد میں شدید طوفان اور آندھی کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے سے دو افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں 21 جولائی تک موسلادھار بارشوں کے پیش نظر فلیش فلڈنگ کا انتباہ جاری کیا ہے،محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسلا دھار بارش سے خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔تفصیل کے مطاقب لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش او ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ٹھنڈی ہوا چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا، شہر کے افق پر بادل چھا جانے سے دن میں رات کا سماں دکھائی دینے لگا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے 21 جولائی تک مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔پنجاب کے دیگر شہروں گجرات، راولپنڈی، حافظ آباد، جہلم میں طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔گجرات میں بارش کے باعث گیپکو کے کئی فیڈر متاثر ہو گئے جس سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے جبکہ جہلم شہر اور گردو نواح میں تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی بارش اور تیز ہوا سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ حافظ آباد شہر اور گردونواح میں بھی شدید بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔آزاد کشمیر کے علاقے سماہنی اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ بھبمر میں بھی شدید حبس کے بعد بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔بلوچستان کے علاقے شیرانی، دہانا سر اور ژوب میں موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال ہے۔
دریں اثناء چارسدہ کے علاقے شبقدر میں شدید طوفان اور آندھی کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے سے دو افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونیوالوں میں ایک خاتون اور ایک نوجوان شامل ہے، جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال شبقدر منتقل کردیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان میں بادل برسنے کی پیش گوئی کی ہے، موسلاد ھار بارش سے خیبرپختونخواح مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں 21 جولائی تک موسلادھار بارشوں کے پیش نظر فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں 50 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے جس کے باعث مقامی ندی نالوں میں درمیانے درجے کی فلیش فلڈنگ ہوسکتی ہے، فلیش فلڈنگ ذرائع آمدورفت میں خلل، عمارتوں، فصلوں اور مویشوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔این ڈی ایم اے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور مقامی انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔حکام نے عوام الناس کو تاکید کی ہے کہ گھروں میں نکاسی آب یقینی بنائیں اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کریں، مسافر و سیاح لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دو چار علاقوں میں سفر کرتے ہوئے احتیاط برتیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی