i پاکستان

پہلگام واقعہ پر بھارتی اقدامات قابل مذمت، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا یاجائے،علی محمدخانتازترین

April 25, 2025

پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ پر بھارتی اقدامات قابل مذمت ہیں، ہمارا مطالبہ ہے اس معاملے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے ، تمام سیاسی جماعتوں کو مشترکہ اجلاس میں شرکت کرنی چاہیے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو میری تجویز ہے پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلائیں اور بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو انگیج کریں، اہم قومی معاملہ ہے قومی یکجہتی کیلئے عمران خان کو ساتھ لانا پڑے گا، حکومت کو چاہیے انا کے خول سے باہر نکلے۔علی محمد خان کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعظم عمران خان اور دیگر کی ایک ساتھ تصویر آجائے تو بھارت کی جرات نہیں ہو گی وہ پاکستان پر حملہ کرے، حکومت قدم بڑھائے میں عمران خان سے بات کرنے کیلئے تیار ہوں ۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ قومی یکجہتی اور مضبوط فیصلوں کا وقت ہے، اگر ہمارے اندر سیاسی تقسیم ہو گی تو ہم کوئی جنگ نہیں جیت سکتے، ہمیں بھارت کو ایک ہو کر جواب دینا ہو گا لیکن میرا لیڈر جیل میں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک سے سیاسی تقسیم ختم کر کے بھارت کو دکھانا چاہیے کہ قومی معاملات پر ہم ایک ہیں، ہم آپس میں بھائی بھائی ہیں باہمی اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن جب دھرتی ماں پر بات آجائے تو سب کوکندھا ملا کر کھڑا ہونا چاہیے۔ علی محمد خان نے مزید کہا کہ نواز شریف سابق وزیراعظم ہیں، ان کو اس معاملے پر خاموش نہیں رہنا چاہیے، بھارت کیساتھ کشیدگی کے معاملے پر ان کا جواب آنا چاہیے، یہ ایک دوسرے پر تنقید کا وقت نہیں ، حکومتی ارکان کو چاہیے وہ دوست ممالک کو بھی انگیج کریں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی