پی پی اور ن لیگ کی فنڈنگ کیسز میں ریکارڈ نہ ملنے کی وجہ سے اسکروٹنی کمیٹی کو مشکلات کا سامنا ہے۔ الیکشن کمیشن میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے اکاونٹس کی اسکروٹنی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سربراہ اسکروٹنی کمیٹی نے بتایا کہ ریکارڈ نہ ملنے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو مختلف اکاونٹس میں فنڈنگ اور ممبرشپ فیس ملی ہے، ن لیگ کے کئی اکاونٹس کی مزید پڑتال اور وضاحت درکار ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم فنڈنگ کیسز ختم کرنا چاہتے ہیں، لیکن معاملہ تاخیر کا شکار ہورہا ہے، عبوری رپورٹ جمع کرائیں تو کمیشن مخصوص وقت میں اسکروٹنی مکمل کرنے کا حکم دے گا۔ انہوں نے کہا کہ مزید تاخیر کسی صورت نہیں ہونے دینگے، جو بھی مشکلات ہیں انہیں رپورٹ میں لکھ کر دیں، رپورٹ کا جائزہ لیکر احکامات جاری کرینگے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی