پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے صرف کراچی کا نام نہیں بیچا بلکہ کراچی کو اس کا حق دلوانے کے لئے فیصلے کیے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ کراچی کے پہلے جدید ٹرانسپورٹ منصوبے گرین لائن کے آپریشن کا آغاز ہوئے ایک سال ہو گیا ہے، اس ایک سال میں 1 کروڑ 20 لاکھ لوگوں نے اس پر سفر کیا، تحریک انصاف نے صرف کراچی کا نام نہیں بیچا بلکہ کراچی کو اس کا حق دلوانے کے لئے فیصلے کیے۔ انہوں نے کہا کہ رجیم چینج سازش کے بعد کراچی کے حق پر پھر وار ہوا ہے، مردم شماری میں تاخیر ہو رہی ہے جبکہ 26 کروڑ گیلن کا منصوبہ بھی فنڈز کی کمی کا شکار ہے۔ اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ جدید کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ جس کی تمام مرحلوں کی منظوری ہو چکی تھی ایک دفعہ پھر کھٹائی میں پڑ گیا ہے، کراچی والو اپنے دشمن پہچانو۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی