سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی موجودہ قیادت میں اس وقت غیر سیاسی لوگ ہیں،تحریک انصاف احتجاج کی بجائے سینیٹ و قومی اسمبلی میں احتجاجی کیمپ لگائے،عمران خان کے بعد ہر بندہ برابر ہے اس لئے سیاسی ٹیم نظر نہیں آرہی، شبلی فراز میرے اچھے دوست لیکن وہ سیاست میں اتنا عبور نہیں رکھتے جو رکھنا چاہیے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جس طرح پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت کوششیں کر رہی ہے ان حالات میں تو عمران خان اگلے تیرہ مہینوں میں بھی باہرنہیں آسکتے ۔پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت کو 9 فروری کو ہی احتجاج کرنا چاہیے تھا۔ ہم نے جو قربانیاں دیںاس وقت شبلی فراز ، روف حسن و دیگر تو اپنے گھروں میں بیٹھے تھے جس کو پارٹی چھوڑنے کا نہیں کہا گیا وہ گھروں میں تھے بیرسٹر گوہر شریف انسان ہیں سیاست میں ان کا کوئی رول نہیں ہے۔موجودہ پی ٹی آئی کی قیادت کی یہ حکمت عملی ہے کہ وکیل کے ذریعے عدالت سے رجوع کریں تو کیس لڑیں ایسے تو بانی پی ٹی آئی کبھی بھی جیل سے باہر نہیں آ سکتے۔ بانی تحریک انصاف یہ لڑائی ہار گئے تو پھر ملک کا اللہ ہی حافظ ہے کیونکہ وہ یہ لڑائی اپنے لئے لڑ رہے ہیں۔پی ٹی آئی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل سے رہائی کیلئے حکمت عملی بنانی ہوگی تب ہی وہ باہر آسکتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی