پاکستان تحریک انصاف کی سینئر مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت اور انتظامیہ منفی ہتھکنڈوں کے استعمال سے گریز کریں،عوام جلسے میں شرکت کر کے ثابت کریں گے وہ کس کے ساتھ ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے خوف و ہراس پھیلانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ، پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر کی گرفتاری اس کا ثبوت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کا واضح اعلان ہے کہ ہم پر امن رہ کر جلسہ کریں گے اس لئے حکومت اور انتظامیہ منفی ہتھکنڈوں سے باز رہیں اور لوگوں کو جلسہ گاہ تک آنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں اب شعور آ چکا ہے وہ اچھی طرح آگاہ ہیں ملک میں کیا کھیل کھیلا جارہا ہے ۔ پی ٹی آئی کے رہنما اور کارکنان ظلم اور جبر کے باوجود ڈٹ کر کھڑے ہیں اور عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی