i پاکستان

پی ٹی آئی گرینڈ اپوزیشن الائنس کی طرف جا رہی ہے،خا قان عباسی کو بھی راضی کر لیں گے،صاحبزادہ حامد رضاتازترین

January 25, 2025

سربراہ سنی اتحال کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی گرینڈ اپوزیشن الائنس کی طرف جا رہی ہے، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی راضی کر لیں گے۔ایک انٹرویو میں صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ہماری طرف سے بہت کچھ آ رہا ہے اب 26 نومبر نہیں ہوگا، عوامی احتجاج کریں گے اپوزیشن کا گرینڈ الائنس بنائیں گے۔صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات ختم ہوگئے ہیں، پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی تحلیل ہو چکی ہے اور اب بال حکومت کی کورٹ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات سے متعلق عمران خان نے فیصلہ کیا وہ دوبارہ فیصلہ کر سکتے ہیں، ہماری بھی تو دو سال تک کنپٹی پر بندوق رکھی گئی تھی ہم تو خاموش رہے، حکومتی کمیٹی کا اختیار دیکھ لیں کہ عمران خان سے ملاقات نہ کروا سکے

حکومتی کمیٹی نے کمٹمنٹ کی تھی پھر بھی بانی سے ملاقات نہیں کروا سکے، جب ایک کمیٹی ملاقات ہی نہیں کروا سکتی تو باقی اختیارات کہاں چلے گئے؟ان کا کہنا تھا کہ طے ہوا تھا باہر کے معاملات کا مذاکرات کی صورتحال پر اثر نہیں پڑنا چاہیے، ہمارے خلاف پریس کانفرنسز اور عمران خان کو سزا ہوئی ہم خاموش رہے، مطالبات دینے کے بعد رانا ثنا اللہ، عرفان صدیقی کی پریس کانفرنس دیکھ لیں، پریس کانفرنس کا میں نے پریس کانفرنس کر کے جواب دیا تو تکلیف ہوگئی۔سربراہ سنی اتحاد کونسل نے مزید کہا کہ جہاں تک سنجیدگی کی بات ہے تو کمیٹی ممبر کی گرفتاری کی کوشش کیوں کی گئی، عمران خان کو جب میرے گھر پر چھاپے کا بتایا گیا تو انہوں نے مذاکرات ختم کرنے کا کہا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ہم نے ڈھائی سال ظلم اور فسطائیت برداشت کر لی آگے بھی کر لیں گے، پارلیمنٹ میں ہمارا احتجاج چل رہا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف دو مرتبہ اسمبلی میں آئے احتجاج کے طور پر تقریر نہیں کرنے دی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی