پاکستان میں موبائل فون اسمگل کرنے کے الزام میں پی آئی اے کی ایک اور فضائی میزبان کو معطل کر دیا گیا جس کے بعد تادیبی کارروائی کا سامنا کرنے والے عملے کے ارکان کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق تازہ ترین کارروائی گزشتہ ہفتے عملے کے 5 ارکان کی معطلی کے بعد کی گئی ہے جب حکام نے دبئی سے واپسی پر ان کے قبضے سے اسمارٹ فونز کا ایک ذخیرہ برآمد کیا تھا، اس سے پہلے عملے کے 2 ارکان کو اسی طرح کے الزامات پر برطرف کردیا گیا تھا۔ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ابوظہبی سے لاہور پہنچنے پر ایئر ہوسٹس کے قبضے سے اسمارٹ فونز قبضے میں لے لیے گئے۔وہ ہفتے کو اترنے والی پرواز پی کے 264 میں سوار تھیں، ایئرپورٹ پہنچنے پر کسٹم حکام نے خاتون کے قبضے سے متعدد مہنگے موبائل فونز برآمد کیے۔پی آئی اے انتظامیہ نے ایئر ہوسٹس کو فوری طور پر معطل کردیا اور 25 جنوری کو انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا۔انہیں 3 دن کے اندر تحریری جواب جمع کرانے کے لیے کہا گیا تھا، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ ان کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کی جائے یا نہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ مزید تحقیقات جاری ہیں اور اگر ایئرہوسٹس قصور وار پائی گئی تو کمپنی کی پالیسی کے تحت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی