i پاکستان

پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں ماؤں کا عالمی دن ''ورلڈ مدرز ڈے'' 12مئی کو منایا جائے گاتازترین

May 06, 2024

پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں ماؤں کا عالمی دن ''ورلڈ مدرز ڈے'' (12مئی اتوار کو)بھرپور انداز سے منایا جائے گا۔اس دن کے منانے کا مقصد ماں کے مقدس رشتے کی عظمت واہمیت کو اجاگر کرنا اور ماں کیلئے محبت کے جذبات کو فروغ دیناہے۔واضح رہے کہ سب سے پہلے مد رز ڈے 1908 میں اینا جاروِس نے اپنی ماں کی یاد میں گریفٹن، ویسٹ ورجینیا کیاینڈریو میتھڈسٹ چرچ میں منایا، جہاں آج انٹرنیشنل مدرز ڈے کی علامت کے طور پر ایک مزار موجود ہے۔اینا جاروِس نے امریکا میں مدرز ڈے منانے کی مہم 1905ء میں ہی شروع کردی تھی، جس سال ان کی ماں اینا ریوس کاانتقال ہوا تھا۔ اینا جاروِس امن کی علمبردا ر ایک ایکٹیوسٹ تھیں، جو امریکن سول وار کے دوران زخمی فوجیوں کی تیمار داری اور مرہم پٹی کرتی تھیں۔ہر سال مائوںکاعالمی دن منانے کے لیے مختلف ممالک میں ایک ہی دن مختص نہیں ہے۔ پاکستان اور اٹلی سمیت مختلف ملکوں میں یہ دن مئی کے دوسرے اتوار کو منایا جاتاہے جبکہ کئی دیگر ممالک میں یہ دن جنوری، مارچ، اکتوبر یا نومبر میں مناکر مائوں کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ماں کے حوالہ سے کسی ایک دن کو منانے کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ ماں کی عظمت واہمیت کو محض ایک دن تک محدود کردیا جائے کیونکہ ماں جیسی مقدس ہستی صرف ایک دن ہمار ا خیال نہیں رکھتی بلکہ جوان ہونے اور شادی شدہ ہونے کے بعد بھی اپنے بچوں اور بچوں کے بچوں کا خیال رکھتی چلی آتی ہے۔ پاکستان میں بھی ماں کی عظمت کے اعتراف میں یہ عالمی دن منایا جاتا ہے اور اس دن کی مناسبت سے لوگ اپنی ماؤں کو خصوصی تحائف،گلدستے اور پھول پیش کریں گے جبکہ جن کی مائیں ان سے بچھڑ چکی ہیں وہ ان کی قبروں پر جاکر آنسوؤں کا نذرانہ پیش کریں گے۔اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں سیمینارز اور مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا بھی ماں کے حوالے سے خصوصی پروگرام شائع،نشر کریں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی