i پاکستان

پاکستان سمیت دنیا بھر میں نرسوں کا عالمی دن 12مئی کو منایا جائے گاتازترین

May 06, 2024

پاکستان سمیت دنیا بھر میں نرسنگ کے شعبہ کی اہمیت اُجاگر کرنے اور نرسز کی خدمات کے اعتراف میں 12مئی کو نرسوں کا عالمی دن منایا جائے گا۔ اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد نرسنگ کے شعبہ سے منسلک افراد کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ شعبے سے وابستہ خواتین کو درپیش مسائل اور ان کے حل کو بھی اجاگر کرنا ہے۔واضح رہے کہ اس دن کو منانے کا آغاز1953ء میں ہوا جب امریکا کے شعبہ صحت، تعلیم اورفلاح وبہبود سے منسلک ڈوروتھی سودرلینڈ نے امریکی صدر سے نرسوں کے عالمی دن کا اعلان کرنے کے حوالہ سے رابطہ کیا تھا تاہم ان کی تجویز منظور نہیں کی گئی۔ تین سال بعد1956ء میں پہلی مرتبہ نرسوں کی بین الاقوامی کونسل نے 12مئی کو 'نرسوں کا عالمی دن' منایا تھا۔12مئی جدید نرسنگ کی بانی فلورنس نائٹینگل کا یوم پیدائش بھی ہے۔ نرسوں کے عالمی دن کا مقصد فلورنس نائٹ اینگل اور دنیا بھر کی نرسوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔ پاکستان سمیت دنیا کے کئی ترقی پذیر ممالک میں صرف ڈاکٹرز کو ہی معالج تصور کیا جاتا ہے جبکہ اس طرح کے خیالات درست نہیں کیونکہ ہسپتالوں میں ایک ایسا طبقہ بھی اپنے فرائض سرانجام دیتا ہے جو مریضوں کے تحفط، دیکھ بھال، تیمارداری اور ڈاکٹر زکی تجویز کردہ ادویات سے مریضوں کے بروقت استفادہ کو یقینی بنا رہا ہے اور بلا شبہ یہ نرسنگ کا ہی شعبہ ہے۔نرسنگ کے عالمی دن کی مناسبت سے ملک بھر میں سرکاری، غیر ارکاری، نجی اور طبی اداروں و تنظیموں کے زیر اہتمام مختلف پروگرامز اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اور طب کے شعبہ میں نرسز کی خدمات کے اعتراف میں خرعاج تحسین پیش کیا جائے گا۔ اسی طرح پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا بھی مختلف ضمیمہ جات اور پروگرامز شائع، نشر کرے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی