i پاکستان

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری کرسمس کا تہوار 25دسمبر کوجوش و خروش سے منائے گیتازترین

December 23, 2022

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری کرسمس کا تہوار 25دسمبر کوجوش و خروش سے منائے گی۔مختلف شہروں میں مذہبی تقریبات کا انعقاد اور ملکی ترقی اورخوشحالی کے لیے دعائیں مانگی جائیں گی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری 25دسمبر کو حضرت عیسیٰ علیہ اسلام کے یوم ولادت کے سلسلے میں کرسمس کا تہوار منائے گی۔اس سلسلے میں فیصل آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں کرسمس کے موقع پر تقریبات منعقد کرکے ملکی ترقی اورخوشحالی کے لیے دعائیں مانگی جائیں گی۔کرسمس ٹریز کی تیاری کے ساتھ ساتھ تمام چرچز کو انتہائی خوبصورتی سے سجا دیا گیا ہے۔کرسمس کی مناسبت سے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جہاں مسیحی برادری کے افراد اپنی مذہبی تقریبات کی ادائیگی اور عبادات کریں گے،اس موقع پر ملکی ترقی، قیام امن اور سلامتی و خوشحالی کی خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔کر سمس کے موقع پر فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ عبادتگاہوں میں آنے والے مسیحیوں کو جامع تلاشی کے بعد اندر داخل ہونے کی اجازت ہو گی۔پولیس کی طرف سے مسیحی عبادتگاہوں کی طرف آنے والے راستوں کی ناکہ بندی کی جائے گی جبکہ عبادتگاہوں کے اندر اور چھتوں پر بھی سکیورٹی تعینات ہو گی۔پولیس افسران سکیورٹی انتظامات چیک کرنے کے لئے پیٹرولنگ بھی کریں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی