نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان رکن کی حیثیت سے دولت مشترکہ اور اس کے اداروں کو بہت اہمیت دیتا ہے، 2022 کے سیلاب میں سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ کا تعاون اہمیت کا حامل تھا۔ وزیر خارجہ اسحق ڈار نے اسلام آباد میں سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ پٹریشیا اسکاٹ لینڈ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ دولت مشترکہ عالمی چیلنجز کے پیش نظر شراکت داری کو فروغ دینے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان رکن کی حیثیت سے دولت مشترکہ اور اس کے اداروں کو بہت اہمیت دیتا ہے، ریاستی تعلقات کے اصولوں کو برقرار رکھنے میں دولت مشترکہ کا کردار اہم ہے، رکن ممالک کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے دولت مشترکہ کو کردار ادا کرنا چاہیے۔ اسحق ڈار کا کہنا تھا کہ 2022 کے سیلاب میں سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ کا تعاون اہمیت کا حامل تھا، ہم دولت مشترکہ کی طرف سے فراہم کردہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان، خواتین کو بااختیار بنانے اور نوجوانوں کو نکھارنے کے لیے دولت مشترکہ کے ساتھ منسلک رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا علاقائی روابط اور تجارت کا وژن دولت مشترکہ کے ایجنڈے سے ہم آہنگ ہے، ترقیاتی اہداف کے حصول میں دولت مشترکہ کے ساتھ تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، جب کہ تجارتی پالیسی کی تشکیل اور برآمدات کے فروغ میں تعاون پر سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ کے مشکور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکریٹری جنرل کو دولت مشترکہ کے پائیدار ترقی کے ایجنڈے کے لیے پاکستان کے عزم کا یقین دلایا، تعلیم، امور نوجواں، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی کوششوں میں پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ کی شراکت داری کو سراہتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ دولت مشترکہ عالمی چینلجز کے پیش نظر شراکت داری کو فروغ دینے کا اہم پلیٹ فارم ہے، دولت مشترکہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے دباو ڈالنا چاہیے۔ دوسری جانب، دولت مشترکہ کی سیکریٹری جنرل پٹریشیا اسکاٹ لینڈ نے کہا کہ پاکستان میں مہمان نوازی پر شکرگزار ہوں، پاکستان نے مشکلات کا سامنا بہت ہمت سے کیا ہے، سب جانتے ہیں کہ 33 ملین پاکستانی 2022 کے سیلاب سے متاثر ہوئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی