بیجنگ میں تعینات اسلام آباد کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی جانب سے جنوبی ایشیائی ملک میں کام کرنے والے چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات پر بات چیت جاری ہے، یہ پاکستان کی قومی ذمہ داری ہے اور وہ ہر ممکن کوشش کر رہا ہے ۔ چین کے صوبہ ہینان میں بوآئو فورم کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ میرے خیال میں ہمارے دونوں ممالک معلومات کے تبادلے اور معیاری آپریٹنگ طریقہ کار تیار کرنے کے معاملے میں بہت قریب سے کام کرتے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہری محفوظ ہیں۔ہم اپنے چینی دوستوں کو ان اقدامات سے باخبر رکھتے ہیں جو ہم اٹھا رہے ہیں، لہذا یہ ایک جاری کام ہے۔ سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ یہ مذاکرات جاری ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطح کا اعتماد ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ایک پیچیدہ سیکورٹی ماحول ہے، ہم ان دہشت گرد قوتوں کا مقابلہ کرنے اور ان کاخاتمہ کرنے اور انہیں شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی