i پاکستان

پاکستان میں الیکشن کی شفافیت کا معاملہ ہماری توجہ کا مرکز ہے، امریکی محکمہ خارجہتازترین

July 02, 2024

امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان پر مقدمات پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں الیکشن کی شفافیت کا معاملہ ہماری توجہ کا مرکز ہے، پاکستان کو انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کا احترام کرنا چاہیے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ کے دوران امریکی ایوان نمائندگان کی پاکستان میں انتخابات سے متعلق قرارداد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ زیر التوا کانگریس کی قانون سازی پر بات نہیں کریں گے، ہمارے جمہوری نظام میں کانگریس، حکومت کی ایک الگ شاخ ہے۔انہوں نے میں صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ جب بھی پاکستان سے متعلق بات آتی ہے تو ہمارے اعلی حکام جن میں سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن، اسسٹنٹ سیکریٹری ڈونلڈ لو، پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے مسلسل پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے لوگوں کے حقوق کا احترام کرے، ہم حکومت پاکستان پر زور دیتے ہیں کہ وہ انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کا احترام کرے۔ بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کے معاملے پر ہم پہلے بھی واضح کرچکے ہیں کہ یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، جس پر میں کچھ نہیں کہنا چاہوں گا۔ صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا محکمہ خارجہ نے پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی سے متعلق رپورٹس کی تحقیقات کے حوالے سے بھی یہی سوالات اٹھائے تھے، کیا آپ اب بھی حکومت پاکستان سے وہ سوالات پوچھ رہے ہیں؟ ویدانت پٹیل نے صحافی کو جواب دیا کہ بالکل یہ وہ چیز ہے جسے ہم پاکستان میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ اٹھاتے رہے ہیں، انتخابی دھاندلی کا معاملہ اب بھی ہماری توجہ کا مرکز ہے۔ ایک اور صحافی نے سوال کیا بھارتی وزیراعظم، پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، تاہم وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ دہشت گردی اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے، ایسے میں امریکا کیا کردار ادا کرر رہا ہے؟ امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان نے جواب دیا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ دنیا کا کوئی بھی ملک دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، جب کہ یہ پاکستان اور بھارت کا آپسی معاملہ ہے، اور ہم پڑوسی ممالک کے مثبت تعلقات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی