i پاکستان

پاکستان کوملنے والی امداد سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے خرچ کی جائیگی ، ترجمان دفتر خارجہتازترین

January 13, 2023

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ جینیوا کانفرنس میں پاکستان کو ملنے والی امداد موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے خرچ کی جائے گی، ہفتہ وار پریس بریفنگ میںدفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نیکہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف دو روزہ دورہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی دعوت پر کررہے ہیں ، وزیر اعظم نے دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر اور وزیر اعظم کے علاوہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم سے ملاقاتیں کی ہیں،انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے رہنمائوں نے ان ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے،دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ فریقین نے دو طرفہ سرمایہ کاری تعاون کو وسعت دینے، شراکت داری کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے کے لیے آج پاکستانی اور اماراتی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقات کررہے ہیں،ترجمان نے کہا کہ رواں ہفتے پاکستان نے جنیوا میں ڈونرز کانفرنس منعقد کی جس میں عالمی برادری اور مالیاتی اداروں نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے دل کھول کر مدد کی ہے،کابل میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ دہشت گردی دونوں ممالک کے لئے خطرہ ہے ، پاکستان مشکل وقت میں افغانستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے،دفتر خارجہ کی ترجمان نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی