i پاکستان

پاکستان کو آپسی انتشار سے بچانے کی ضرورت ہے، احسن اقبالتازترین

December 15, 2022

ن لیگ کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو آپسی انتشار سے بچانے کی ضرورت ہے۔ اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان ایسا ملک ہے جسے قدرت نے وسائل سے مالا مال کیا ہے، ہمیں ماضی سے سبق سیکھ کر خود کو درست سمت میں ڈالنا چاہیے، ہم تاریخ کے سامنے اپنے کندھوں پر بہت بوجھ اٹھا کر کھڑے ہوئے ہیں، سی پیک کی صورت میں پاکستان کو ایک گیم چینجر منصوبہ ملا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا صرف ایک ہی مشن ہے، پرائیویٹ سیکٹر کے راستے میں سرخ فیتے کو کاٹ کر ان کو آزاد کریں، پرائیویٹ سیکٹر کی انویسٹمنٹ سے ہی پاکستان آگے چل سکتا ہے۔ ہم نے سی پیک کو مذاق بنایا، سی پیک پر جھوٹے الزامات لگائے، ہم نے دوست ملک کو مجبور کیا کہ وہ ہاتھ کھینچ کر سائیڈ پر چلا جائے، آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم پاکستان کو آپس کے انتشار سے بچائیں۔ لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب سے پاکستان میں بہت بڑی تباہی ہوئی، ہمیں 1700 جانوں کا بڑا دکھ ہے، ہمیں سیلاب متاثرین کو دوبارہ کھڑا کرنا ہے، آج پوری دنیا پاکستان کی مدد کرنا چاہتی ہے، ہم پاکستان کے اندر سے میسج چلا رہے ہیں کہ کوئی پاکستان کی مدد نہ کرے، آج ہمیں مل کر سوا 3 کروڑ پاکستانیوں کے لیے سوچنا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی