i پاکستان

پاکستان بھرمیں اقلیتی مقدس مقامات کی نشاندہی، پاکستان ہندو کونسل نے آل پاکستان مینارٹیز ہیریٹج فوٹو مقابلے کا اعلان کردیا، ملک کے چپے چپے پرتازترین

December 23, 2022

پاکستان ہندو کونسل نے ملک بھر کے اقلیتی غیرمسلم مقدس مقامات کی نشاندہی کیلئے آل پاکستان مینارٹیز ہیریٹج فوٹو کونٹسٹ کا اعلان کردیا ہے، آن لائن تصاویری مقابلے میں بہترین فوٹوز فراہم کرنے والوں کو بالترتیب پچاس ہزار،تیس ہزار اور بیس ہزار روپے کے مالیتی انعامات سمیت تعریفی سرٹیفکیٹس اور دیگر خصوصی انعامات سے نوازا جائے گا،پریس نیٹ ورک آف پاکستان کی تکنیکی معاونت سے منعقدہ فوٹو مقابلے میں حصہ لینے کی آخری تاریخ اکتیس جنوری 2023مقرر کی گئی ہے۔اس حوالے سے پاکستان ہندو کونسل کے سرپرستِ اعلیٰ اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کا کہنا تھا کہ تاریخی عمارتوں کی صورت میں خدا نے پاکستان کو ایسا انمول خزانہ نوازا ہے جو مذہبی سیاحت کا راستہ ہموار کرکے نہ صرف ہمیں بیرونی قرضوں سے چھٹکارا دلوا سکتا ہے بلکہ ہماری قومی معیشت کو اپنے پیروں پر کھڑا کرسکتا ہے، ہمیں اپنے پیارے ملک کے عظیم الشان ثقافتی ورثے کو تاریخ سے اوجھل ہونے سے بچانے کیلئے ہرممکن کوشش کرنی چاہیے، ملک بھر کے طول و عرض میں واقع آثارقدیمہ کی حفاظت کرنے کیلئے سب سے پہلا قدم آگاہی حاصل کرنا ہے۔آل پاکستان مینارٹیز ہیریٹج فوٹو کونٹسٹ کے تحت غیرمسلم اقلیتی مذاہب بشمول ہندو، سکھ، بْدھ، جین مت، پارسی اور کرسچیئن کمیونٹی کی ان تمام تاریخی مقدس عمارات کو منظرعام پر لانے کی کوشش کی جائے گی جو آج ہزاروں سال بیت جانے کے باوجود تابناک ماضی کی خاموش گواہ ہیں۔ پاکستان ہندوکونسل نے پاکستان کے ہر شہری بالخصوص تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم اسٹوڈنٹس اور جرنلسٹس سے اس تصاویری مقابلے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی استدعا کی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی