i پاکستان

پاکستان اور ترکمانستان کا سیاست، معیشت، دفاع اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پراتفاقتازترین

July 23, 2024

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دوطرفہ تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحق ڈار نے ترکمانستان کے وزیر خارجہ کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دوطرفہ تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں، ترکمانستان کے وزیرخارجہ کا دورہ دوطرفہ تبادلوں اور تعاون کے فروغ کے عزم کا غماز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں ہم نے دوطرفہ ایجنڈے کے ساتھ علاقائی اور عالمی پیش رفت کا احاطہ کیا، دونوں ملکوں کے عوام کے ایک دوسرے سے مضبوط تعلقات ہیں، پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات امن اور خوشحالی کے مشترکہ نصب العین پر مبنی ہیں۔ اسحق ڈار کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات مثبت سمت میں گامزن ہیں، باہمی مشاورت کے تیسرے دور میں ہم نے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا، ہم نے اعلی سطح کے مذاکرات اور تبادلوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکمانستان کے قومی رہنما گربان گلی بردی محمدف کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، گربان گلی بردی محمدف کا متوقع دورہ دوستانہ تعلقات کو مزید تقویت دیگا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ وزیرخارجہ ترکمانستان کو سرمایہ کاری کے لیے ایس آئی ایف سی کے اہم کردار سے آگاہ کیا، جب کہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی کے ترجیحی شعبوں میں روابط بڑھانے پرغورکیا گیا، ہم نے سیاست، معیشت، دفاع اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پراتفاق کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ترکمانستان کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، ترکمانستان کی کمپنیاں گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں سے فائدہ اٹھائیں، پاکستانی بندرگاہیں دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے لیے پرکشش موقع فراہم کرتی ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی