i پاکستان

پاکستان اور چین کے درمیان میڈیکل تعاون کے معاہدے پر دستخطتازترین

December 09, 2022

پاکستان اور چین کے درمیان میڈیکل تعاون کے معاہدے پر دستخط ہو گئے ، معاہدے کا مقصد چین اور پاکستان کے درمیان طبی آلات کی مصنوعات اور جدید طبی مصنوعات پر تعاون کو فروغ دینا ہے،طبی عملے کی تربیت میں بھی تعاون کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔ گوادر پرو کے مطابق شنگھائی میں منعقد ہونے والی میڈیکل ڈیوائس انوویشن اینڈ ایپلیکیشن سے متعلق کانفرنس میں تین چینی اور پاکستانی ایسوسی ایشنزکے درمیان میڈیکل تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے پر شنگھائی ہائی اینڈ میڈیکل ایکوپمنٹ انوویشن سنٹر، چائنا پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (سی پی ایم اے) اور جرنل آف اکنامک افیئرز پاکستان کے درمیان دستخط ہوئے۔ گوادر پرو کے مطابق دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی پی ایم اے کے صدر محمد شہباز نے کہا کہ چین پاکستان میڈیکل کوریڈور کے حصے کے طور پر طبی آلات کی صنعت میں تعاون کے لیے سہ فریقی معاہدے پر دستخط کرنا بہت خوشی کی بات ہے، انہوں نے مزید کہا کہ فریقین فعال طور پر 'حکومت، صنعت، یونیورسٹی، تحقیق، طب اور اطلاق' کا ایک مربوط جدت کا نظام بنائیں۔ گوادر پرو کے مطابق گوادر پرو کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر نے کہا کہ اس معاہدے کا مقصد چین اور پاکستان کے درمیان طبی آلات کی مصنوعات اور جدید طبی مصنوعات پر تعاون کو فروغ دینا ہے۔

ایم او یو کے مطابق، ٹرائیڈ ایک مناسب وقت پر چین پاکستان بین الاقوامی طبی نمائش کا انعقاد کرے گا، جس میں ادویات، طبی آلات کی مصنوعات اور طبی سروسز کی نمائشیں شامل ہیں۔ طبی عملے کی تربیت میں بھی تعاون کرنے کی کوششیں کی جائیں گی، خاص طور پر اعلیٰ درجے کے طبی آلات کے استعمال میں۔ شہباز نے گوادر پرو کو بتایا کہ تینوں فریق ''بیلٹ اینڈ روڈ'' چائنا پاکستان میڈیکل فورم کے لیے مشترکہ طور پر تیاری بھی کریں گے، جو کہ چین اور پاکستان میں باری باری منعقد ہونا ہے،طبی صنعت کا تعاون انضمام کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے ماہرین اور طبی آلات کارپوریشنز کو مدعو کیا جائے گا۔ شنگھائی ہائی اینڈ میڈیکل ایکوپمنٹ انوویشن سینٹر ایک جدید میڈیکل ڈیوائس کوآپریشن پلیٹ فارم ہے جسے چین کی یونیورسٹی آف شنگھائی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (USST) اور دیگر اداروں نے شروع کیا ہے۔ یہ معاہدہ کانفرنس میں دستخط کیے گئے آٹھ معاہدوں میں سے ایک ہے۔ شنگھائی یونیورسٹی برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام میڈیکل ڈیوائس انوویشن اینڈ ایپلیکیشن فورم کو بیلٹ اینڈ روڈ (BRI) سے منسلک ممالک کے درمیان طبی آلات کی صنعت میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی