وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات میں مزید وسعت خصوصا معاشی تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے امریکا میں امریکی کانگریس کے اہم رہنمائوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔طارق فاطمی نے امریکی کانگریس کی امور خارجہ کمیٹی کے چئیرمین برائن ماسٹ، امور خارجہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی برائے جنوبی و سنٹرل ایشیا کے رینکنگ ممبر کانگریس سڈنی کام لاگر ڈو اور پاکستان کاکس کے شریک چئیرمینوں جیک برگ مین اور ٹام سوازی سے ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں کے دوران پاک امریکا تعلقات، دوطرفہ تعاون اور معاشی تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے امریکی رہنمائوں کو پاکستان کی حکومتی پالیسیوں بالخصوص معاشی ترجیحات کے حوالے سے بریف کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پاک امریکا تعلقات میں مزید وسعت خصوصا معاشی تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہے، دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کا فروغ پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ملاقاتوں میں علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مزید تقویت کی توقع ظاہر کی گئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی