قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے ملک میں نئے انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی کا کوئی خطرہ نہیں ہے کیونکہ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ایک سیاسی پارٹی تھی، ہے اور رہے گی۔ایک انٹرویو میں عمر ایوب نے کہا کہ ہم نئے ،آزادانہ اور شفاف الیکشن چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی جانب سے رئوف حسن پر لگائے جانے والے الزامات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے رئوف حسن پر لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے دسمبر تک تحریک انصاف کے حکومت میں آنے کا دعوی کردیا ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ دسمبر تک حالات ٹھیک ہوجائیں گے، ہمیں اکثریت مل جائیگی اور تحریک انصاف حکومت میں ہوگی، یہ مخصوص نشستوں سے متعلق بہانے ڈھونڈ رہے ہیں کہ ہمیں نہ ملیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی