وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنے والد سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے ہمراہ ایم این اے سائرہ افضل تارڑ کی رہائش گاہ کولوتارڑ آئے۔جہاں انہوں نے سائرہ افضل تارڑ کے والد سابق ایم این اے چوہدری افضل حسین تارڑ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کر تے ہوئے فاتحہ خوانی اور دعا مغفرت کی۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور مسلم لیگی رہنما پرویز رشید بھی انکے ہمراہ تھے۔میاں نواز شریف کاکہنا تھا کہ مرحوم چوہدری افضل حسین تارڑ دو بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور پارٹی میں وہ میرے مخلص ساتھیوں میں شامل تھے۔ میاں نواز شریف کاکہنا تھا کہ افضل حسین تارڑ مشکل کی ہر گھڑی میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے،ہمیں انکی وفات پر دلی صدمہ اور افسوس ہے۔ ایسے رہنما پارٹی کا فخر اور اثاثہ ہوتے ہیں۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ افضل حسین کی وفات سے ہم ایک اصول پسند، مخلص ساتھی سے مرحوم ہو گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایم این اے سائرہ افضل تارڑ سے تعزیت کااظہار کر تے ہوئے کہا کہ ہم سائرہ افضل تارڑ اور انکے خاندان کے دکھ کی اس گھڑ ی میں برابر کے شریک ہیں۔ سائرہ افضل تارڑ کے والد پارٹی قائد نوا ز شریف اور کارکنوں کے ساتھ ہروقت ثابت قدم رہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند اور انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔ اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی، آرپی او طیب حفیظ چیمہ، ڈپٹی کمشنر سند س ارشاد، ایم پی اے میاں شاہد حسین بھٹی، سیاسی وسماجی شخصیات اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجو د تھے۔وزیر اعلیٰ کی کولوتارڑ آمد پر پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی