وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اوورسیز کونسل کمیٹی برطانیہ پاکستان و آزادکشمیر کے مطالبے پر آزادکشمیر کے تمام انٹری پوائنٹس پر سپیشل چیک پوسٹوں کے قیام کی منظوری دے دی تاکہ بیرون ملک سے آنے والے شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے،تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن) برطانیہ کے صدر چوہدری عبد الرحمان نے وفد کے ہمراہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے ملاقات کر کے انہیں بیرون ملک سے وطن واپس آنے والے پاکستان و آزا دکشمیر کے باشندوں کے سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا اوربتایاکہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ڈاکو پنجاب سے آزادکشمیر میں داخل ہونے والے بڑے راستوں پر اوورسیز پاکستانیوں کونہ صرف لوٹ لیتے ہیں بلکہ کئی شہریوں کو قتل بھی کیا گیا ہے جو ہمارے لئے باعث تشویش ہے، چوہدری عبد الرحمان نے وزیر اعلی پنجاب کو بتایا کہ اس معاملہ پر اوورسیز پاکستانیوں کے برمنگھم ، ڈڈلی ، مانچسٹر اور لندن میں بہت سے اجلاس ہوئے جن میں لوگوں نے اس بابت احتجاج کیا ،انہوں نے وزیر اعلی سے مطالبہ کیا کہ راولپنڈی ،میرپور اور پنجاب کے دیگر اضلاع سے آزادکشمیر میں داخل ہونے والے راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کی جائیں تاکہ آزادکشمیر میں رہنے والے اور بالخصوص اوورسیزکشمیریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے، مریم نواز نواز نے چوہدری عبد الرحمان کے مطالبے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے پنجاب کے اضلاع سے آزاد کشمیر کے تمام داخلی راستوں پر سپیشل چیک پوسٹوں کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز کی تعیناتی کا حکم دیا ہے تاکہ شہریوں بالخصوص بیرون ملک سے آنے ولے کشمیری و پاکستانی باشندوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی