i پاکستان

ویزا فراڈ، 2 خواتین سمیت 6 انسانی اسمگلرز گرفتارتازترین

June 08, 2024

ایف آئی اے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل نے 2 خواتین سمیت 6 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون میں ایف آئی اے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل راولپنڈی نے چھاپا مار کارروائیوں کے دوران دو خواتین سمیت چھ انسانی اسمگلرز کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں اعزاز احمد، یثرب طفیل، سہیل، بلال سلیم اور دو خواتین شامل ہیں، جو انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ کے جرم میں ملوث ہیں، ملزمان نے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر شہریوں سے کروڑوں روپے بٹورے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم اعزاز احمد نے ایک شہری کو برطانیہ ملازمت کا جھانسہ دے کر 1 کروڑ 20 لاکھ روپے وصول کیے، جب کہ ملزم یثرب طفیل اور سہیل کے خلاف 2 مقدمات اور متعدد انکوائریاں درج ہیں، ملزمان نے شہریوں کو دبئی ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورے۔ گرفتار ملزم بلال سلیم 4 مقدمات میں مطلوب ہے، ملزم نے دبئی اور ملائیشیا ملازمت کے نام پر 17 لاکھ روپے ہتھیائے، گرفتار دو خواتین ملزمان کے خلاف بھی ویزا فراڈ سے متعلق متعدد مقدمات درج ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی