i پاکستان

ہوا بازی کے شعبے کی بحالی اور چھوٹے شہروں میں سفری سہولیات کو بہتر بنانے کی طرف مثبت پیش رفت ہو رہی ہیں، خواجہ آصفتازترین

January 28, 2025

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہوا بازی کے شعبے کی بحالی اور چھوٹے شہروں میں سفری سہولیات کو بہتر بنانے کی طرف مثبت پیش رفت ہو رہی ہیں۔ منگل کو سینٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو اس وقت جہازوں کی کمی کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے کچھ روٹس متاثر ہو رہے ہیں۔حکومت اس مسئلے کے حل کے لئے نجی ایئر لائنز کے ساتھ رابطے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی کوئی پیش رفت ہوگی اور معاہدہ طے پائے گا، چترال کے لئے پروازیں بحال کر دی جائیں گی۔وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پی آ ئی اے اس وقت عبوری مرحلے (ٹرانزیشن ) سے گزر رہا ہے، اس لئے ممبرانِ اسمبلی کی تمام توقعات فوری طور پر پوری نہیں کی جا سکتیں ،پاکستان میں 25 سے 30 ایئرپورٹس ایسے ہیں جو غیر فعال ہیں، جہاں یا تو فلائٹس نہیں جا رہیں یا محدود سروس ہے۔حکومت کو اس صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے وقت درکار ہے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹی ایئر لائنز کو اجازت دی جا رہی ہے تاکہ وہ ان ایئرپورٹس پر کام شروع کر سکیں اور انہیں فعال بنایا جا سکے۔

ایوی ایشن انڈسٹری کو چلانے کے لئے ضروری ہے کہ تمام ایئرپورٹس پر آپریشن بحال ہو تاکہ بزنس بھی آگے بڑھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی بحالی اور تنظیم نو جاری ہے،چھوٹے روٹس کے لیے صرف 3 اے ٹی آر جہاز دستیاب ہیں، جن میں سے 2 فعال اور ایک گرائونڈڈ ہے۔ماضی میں پی آئی اے پر پابندیاں لگنے سے کئی منافع بخش روٹس بند ہو گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ان پابندیوں کا خاتمہ کیا ہے،کچھ نجی کمپنیاں چترال جیسے چھوٹے روٹس پر فضائی سروس شروع کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں،حکومت ان درخواستوں پر کام کر رہی ہے،چترال جیسے علاقوں کے لئے صرف اے ٹی آر طیارے ہی کارآمد ہیں۔انہوں نے کہا کہ چھوٹی ایئر لائنز کو پاکستان میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ تمام غیر فعال ایئرپورٹس بحال ہو سکیں ،نجی فضائی کمپنیاں آئیں گی تو چھوٹے شہروں کے لوگوں کو بہتر سفری سہولیات ملیں گی۔انہوں نے کہا کہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح ہو چکا ہے۔جلد مشرق وسطی کے ممالک کے لیے پروازیں شروع کی جائیں گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی