نوبیل انعام یافتہ مادام میری کیوری کی برسی 4 جولائی کو منائی جائے گی۔ وہ نوبیل انعام یافتہ سائنس داں تھیں جنھوں نے تابکاری کے شعبہ میں تحقیق اور اپنی دریافتوں کے سبب دنیا بھر میں شہرت پائی۔ مادام کیوری طبیعیات اور کیمیا کے مضامین کی ماہر تھیں۔7 نومبر 1867ء کو پولینڈ میںپیدا ہونے والی مادام کیوری کے والد ریاضی اور فزکس کے استاد تھے جب کہ والدہ لڑکیوں کے ایک بورڈنگ سکول کی نگراں تھیں۔مادام کیوری نے فرانس کی یونیورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کی اور پھر اپنے شوہر کے ساتھ سائنسی تجربات اور تابکاری پر کام میں? مشغول ہو گئیں۔ انھوں نے تابکار عنصرریڈیم دریافت کیا تھا لیکن اپنی اس دریافت سے پیسہ کمانے کے بجائے کہا کہ ''ریڈیم مہربانی اور کرم ہے جو دنیا کی ملکیت ہے''۔1934ء میں وہ خون کے خلیات کی ایک لاعلاج بیماری میں مبتلا ہو گئیں جو بہت زیادہ تابکاری اثرات کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔عظیم سائنس داں آئن سٹائن نے مادام کیوری کو ان الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا تھا: ''ماری کیوری کا عزم، قوّتِ ارادی، درویشانہ صفت، غیرجانب داری اور لازوال منصف مزاجی۔ یہ تمام چیزیں ایسی ہیں جو شاذ و نادر ہی کسی ایک فرد میں اکٹھی ہوتی ہیں۔ ان کا عجز و انکسار حد سے بڑھا ہوا تھا۔'' تابکاری کے شعبہ کی بانی مادام کیوری نے دو مرتبہ نوبیل انعام حاصل کیا۔ انھوں نے طبیعیات کا نوبیل انعام 1903ء میں جب کہ کیمیا کا انعام 1911ء میں حاصل کیا جس کی وجہ دو عناصر ریڈیم اور پولونیم کی دریافتیں تھیں۔ مادام کیوری 4 جولائی 1934ء کو دنیا سے رخصت ہو گئیں۔ ان کے یوم وفات کے موقع پر دنیا بھر میں سائینس و تحقیق کے شعبہ کے ماہرین ان کی خدمات کو اجاگر کریں گے اور خراج عقیدت پیش کریں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی