لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ نواز شریف سے پہلے مریم نواز 29 جنوری کو لاہور پہنچیں گی، جہاں ان کا شان دار استقبال کیا جائے گا۔ مقدمے کی سماعت سے قبل راولپنڈی کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ جنہوں نے ہماری حکومت کو ڈی ریل کیا، ان پر آرٹیکل 6 لگے گا،۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں کو نشانہ نہیں بنا رہے لیکن آج بھی جسٹس منیر اور جسٹس ارشاد جیسے کردار موجود ہیں۔ ملک کو اس نہج پر پہنچانے والے پاناما کے اندرون خانہ بلیک میلر ججز ہیں۔ عدالتوں نے کبھی ریاست یا سیاست دانوں کو نہیں بلکہ اپنی پنشنوں کو بچایا۔ جسٹس ثاقب نثار گروپ نے سپریم کورٹ کے ججز کو بدنام کیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ مریم نواز واپس آکر پاکستان کے خلاف سازش کرنے والوں کو بے نقاب کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز دونوں پاکستان آ رہے ہیں۔ مریم نواز کا استقبال، نواز شریف کے استقبال کی ریہرسل ہوگی۔ کیپٹن صفدر کا کہنا تھا کہ مریم نواز 29 جنوری کو شام 4 بجے لاہور ائرپورٹ پہنچیں گی۔ قبل ازیں کیپٹن(ر)صفدر اپنے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور ہنگامہ آرائی کے کیس میں تھانہ نیو ٹاون میں درج مقدمے کی سماعت کے لیے سول جج کی عدالت میں پیشی کے لیے راولپنڈی کچہری پہنچے ۔ جہاں عدالت نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی